مشرق وسطیٰ میں کئی ماہ تک امریکی فوجی آپریشنز کی معاونت کے بعد امریکی بحریہ کا بڑا طیارہ بردار جہاز جارج ایچ ڈبلیو بش تھائی لینڈ پہنچ گیا۔ جہاز پر تقریباً 4 ہزار 800 امریکی اہلکار موجود ہیں جو چند روز آرام اور تفریح کے لیے فوکٹ میں قیام کریں گے۔
امریکی بحریہ کا نِمزٹ کلاس طیارہ بردار جہاز اتوار کو تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی مقام فوکٹ کے قریب پہنچا۔ رپورٹس کے مطابق جہاز نے ایران کے ساتھ تنازع کے دوران بحیرہ عرب میں امریکی فوجی سرگرمیوں کی معاونت کی۔
مقامی میڈیا کے مطابق جارج ایچ ڈبلیو بش فوکٹ کے ساحل سے کچھ فاصلے پر سمندر میں لنگر انداز ہوگا، جبکہ جہاز کا عملہ فوکٹ ڈیپ سی پورٹ کے ذریعے جزیرے پر آمد و رفت کرے گا۔
امریکی اہلکار 4 سے 9 اکتوبر تک فوکٹ میں قیام کریں گے جہاں وہ اپنے فرائض سے وقفے کے دوران مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
امریکی بحری جہازوں کی تھائی لینڈ آمد میں اضافہ

جارج ایچ ڈبلیو بش کی آمد سے قبل گزشتہ ماہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن بھی تھائی لینڈ کی مشرقی بندرگاہ لیم چابانگ پہنچا تھا۔جہاز پر تقریباً 5 ہزار امریکی سیلرز اور میرینز سوار تھے۔

مقامی میئر کے اندازے کے مطابق ابراہم لنکن کے اہلکاروں میں سے ہر امریکی فوجی تھائی لینڈ میں قیام کے دوران روزانہ 3 ہزار بھات یعنی تقریباً 89 امریکی ڈالر تک خرچ کرسکتا تھا۔

تھائی لینڈ امریکا کے ساتھ دفاعی تعلقات کے حوالے سے بھی اہم حیثیت رکھتا ہے اور جنوب مشرقی ایشیا کے مین لینڈ خطے میں امریکا کا واحد معاہداتی اتحادی ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکا کے اخراجات اب تک 25 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








