معاشی ترقی کے اثرات عوام تک پہنچائے جائیں

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

 وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ غربت میں کمی حکومت کی جامع معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، عالمی خط غربت کی بنیاد پر ورلڈ بینک کے اندازوں کے مطابق مالی سال 2021 میں شرح غربت کم ہوکر 4 اعشاریہ 8فیصد ہوگئی ہے۔مالی سال 2023 تک شرح 4 فیصد تک کم ہو جائے گی۔ تخلیق روزگار کیلئےیہ پیداواری نموکےحوالےسےہماری پالیسیوں کا ثمرہے۔

وزیراعظم پاکستان کے علاوہ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کی کورونا کے چیلنج کے باوجود پاکستان کی معیشت مالی سال 2021میں بھرپور طور پر بحال رہی،معاشی نمو 3اعشاریہ9 فیصد، مہنگائی 8 اعشاریہ9فیصد رہی ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 10سال کی پست ترین سطح پررہا،زرِ مبادلہ ذخائر میں 40فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں رواں ہفتے مہنگائی میں 1اعشاریہ 23فیصد اضافہ ہوا ،پاکستان بیور و آف شماریات کے مطابق رواں ہفتے 51اشیاء کی قیمتوں کا تجزیہ کیا گیا ، احساس اعشاریوں کے مطابق مہنگائی کی شرح 14اعشاریہ 31فیصد رہی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری مالی سال کے پہلے تین ماہ کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے توترسیلات زر میں 12اعشاریہ5 فیصد اضافہ اور مہنگائی کی اوسط شرح 8اعشاریہ6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3اعشاریہ4 ارب ڈالر ، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری4فیصد کم ، زرعی قرضوں میں اضافہ ہوا، ترسیلات زر میں 12اعشاریہ5فیصد، برآمدات 35اعشاریہ2،درآمدات میں 64اعشاریہ3 فیصد اضافہ ہوا۔

حکومت کے اعداد وشمار پر نظر ڈالی جائے تو کورونا کے چیلنجز کے باوجود معیشت کی بحالی کوخوشگوار ہوا کا ایک جھونکا قرار دیا جاسکتا ہے تاہم اگر زمینی حقائق کو دیکھا جائے تو ملک میں معاشی بحران اپنی حدوں کو چھوچکا ہے۔ملک میں خط غربت اپنی جگہ لیکن حقیقت میں غریب آدمی دووقت کی روٹی سے محروم ہوچکا ہے۔

پیٹرول، بجلی ،ایل پی جی آٹا، گھی، چینی ،مرغی ، انڈے ،آلو ،ٹما ٹر ،خودرنی و سرسوں کا تیل سمیت آج ملک میں تمام خوردنی اشیاء کئی گنا مہنگی ہوچکی ہیں اورتنخواہ وذرائع آمدن محدود ہونے کی وجہ سے عوام کی قوت خرید کم ہوچکی ہے۔

کورونا کی وجہ سے بیروزگاری کی لہر تاحال عوام کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے اور دوسال سے وباء میں جکڑے عوام بحالی کیلئے جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ادھر حکومت نے نیپرا سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 39پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کردی، اضافے کی درخواست کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام صارفین کیلئے کی گئی ہے۔

اپوزیشن جماعتیں مہنگائی کو جواز بناکر سڑکوں پر احتجاج کا سلسلہ شروع کرچکی ہیں جبکہ عوام بھی بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور غریب خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔

اس وقت خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومت نے یکم سے 15 نومبر تک پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر حکومت معاشی ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور غریب عوام کو فوری ریلیف دیا جائے بصورت دیگر خوشنما اعداد وشمار سے غریب عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

Related Posts