ریال میڈرڈ کو بارسلونا کے خلاف آنے والے کوپا ڈیل رے فائنل سے قبل دو اہم کھلاڑیوں ڈیفینڈر ڈیوڈ الابا اور مڈفیلڈر ایڈورڈو کاماوینگا کی ممکنہ غیر موجودگی کا سامنا ہے جو بدھ کے روز گیٹافے کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہو گئے۔
روئیٹرز کے مطابق اس میچ میں ترکی کے نوجوان مڈفیلڈر اردا گولر نے پہلے ہاف میں گول کر کے ریال میڈرڈ کی جیت یقینی بنائی جس سے ان کی لا لیگا ٹائٹل کی امیدیں بدستور قائم رہیں۔
اگرچہ یہ فتح ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئی لیکن اس کی قیمت چوٹوں کی صورت میں چکانی پڑی۔ کوچ کارلو انچیلوتی نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ دونوں کھلاڑیوں کو ٹانگ کے پٹھوں میں چوٹیں آئی ہیں اور ان کی ہفتہ کو ہونے والے فائنل میں شرکت “انتہائی غیر یقینی” ہے۔
انچیلوتی پہلے ہی کائلن ایم باپے اور فرلان مینڈی کی غیر موجودگی کا سامنا کر رہے ہیں اور اب اگر الابا اور کاماوینگا بھی نہ کھیل سکے تو بائیں جانب دفاعی پوزیشن کے لیے فران گارسیا پر انحصار بڑھ جائے گا، جن کا کام بارسلونا کے سترہ سالہ ابھرتے ہوئے اسٹار لامین یامل کو روکنا ہوگا۔
یاد رہے کہ بارسلونا اس وقت لا لیگا میں 76 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، ریال میڈرڈ سے چار پوائنٹس آگے جبکہ پانچ میچز باقی ہیں۔ وہ اس سیزن میں پہلے ہی ریال کے خلاف دو بڑے فتوحات حاصل کر چکے ہیں اکتوبر میں سانتیاگو برنابیو پر 0-4 اور جنوری میں سعودی عرب میں اسپینش سپر کپ کے فائنل میں 2-5 سے۔
انچیلوتی کا کہنا تھاکہ “فائنل میں پسندیدہ ٹیم ضرور ہوتی ہے، مگر فائنل، فائنل ہوتا ہے چھ بھی ہو سکتا ہے۔ ہمیں اچھی دفاع کرنا ہوگی، مگر اوپر کی طرف ہمیں مواقع ملیں گے۔ آج کی فتح حوصلہ افزا ہے، پہلا ہاف اچھا رہا، اختتام قدرے مشکل تھا، لیکن جیت گئے۔”
یہ حالات ریال میڈرڈ کے لیے فائنل سے پہلے کڑا امتحان بن چکے ہیں جہاں میدان میں صرف مہارت نہیں، بلکہ چوٹوں سے نپٹنے کی حکمت عملی بھی اہم ہوگی۔