جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں پیر کے روز ہونے والی مون سون بارشوں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ آزاد کشمیر کی وادئ نیلم اور مانسہرہ میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ قریبی علاقوں بشمول مری اور گلیات میں آج موسلا دھار بارش کے باعث درجہ حرارت میں خوشگوار تبدیلی آئی۔ جبکہ وقفے وقفے سے جاری رہنے والے بارش کے سلسلے نے جڑواں شہروں میں گرمی کا زور توڑ دیا۔
موسلا دھار بارش کے بعد مارگلہ کی پہاڑیاں خوبصورت نظارہ پیش کرنے لگیں جبکہ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث عوام کا مزاج بھی خوشگوار ہوگیا۔ مری اور گلیات میں موسلا دھار بارش کا لطف اٹھانے کیلئے سیاح بھی جوق درجوق ملکہ کوہسار پہنچ گئے۔
دوسری طرف بالائی و شمالی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ وادئ نیلم اور مانسہرہ میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ندی نالے بپھر گئے، متعدد مکانات، ہوٹل اور دکانیں بری طرح متأثر ہوئیں۔ شاہکوٹ میں نالہ بپھرنے سے مکانات اور دکانیں ریلے کی زد میں آگئیں۔
مانسہرہ میں بھی جبوڑی کے مقام پر کلاؤڈ برسٹ کے باعث متعدد ہوٹل اور رہائشی مکانات شدید نقصان سے دوچار ہوئے جبکہ اچانک آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متأثر ہوئے۔ حکام نے سیاحوں اور مقامی افراد کو سیلابی ریلوں سے متأثرہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








