کراچی:گزشتہ مالی ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس میں 3.3 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ اس دوران عاشورۂ محرم کے باعث صرف 3 دن کام ہوسکا۔
تین روزہ کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 1 ہزار 14 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 31ہزار 4 سو 81 پوائنٹس پر بند ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق بنیادی شرحِ سود میں کمی اور ایف اے ٹی ایف کی مثبت خبروں سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان پیدا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دن کے آغاز سے ہی تیزی، 540سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا
اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 124 ارب روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6 ہزار 3 سو 12 ارب روپے تک جا پہنچی جبکہ امریکی ڈالرز کے اعتبار سے مارکیٹ کا حجم 40 ارب ڈالرز رہا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر کمیونی کیشن جیری رائس کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کواپنے قرضے کم کر نے اور سماجی و ترقیاتی اخراجات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ڈائریکٹرآئی ایم ایف نے پاکستان کو معیشت کے حوالے سے کچھ اہم اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مالی خسارہ کم کرنے کے لیے زیادہ ٹیکس جمع کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ٹیم آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچے گی، آئی ایم ایف کے قائم مقام ڈائریکٹر جہاد آزور بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ٹیکس آمدن بڑھے تو ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز ملیں، پاکستان میں قرضوں کا حجم کم کیے جانے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کواپنےقرضے کم کرکےترقیاتی اخراجات کوبڑھاناہوگا،آئی ایم ایف