لاہور پولیس نے نجی ہوٹل میں غیر اخلاقی حرکات اور نازیبا سرگرمیوں میں ملوث خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان کی ہدایت پر متعلقہ ایس ایچ او نے پولیس پارٹی کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر قانونی کارروائی کی۔ چھاپہ مار کارروائی میں 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نجی ہوٹل لاہور کےعلاقے انارکلی میں واقع ہے۔ ایس پی سول لائنز کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ اولڈ انارکلی میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، ملزمان کی گرفتاری پر ایس پی سول لائنز نے پولیس پارٹی کو شاپاش دی۔
اس حوالے سے ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل زناکاری کے باعث برباد ہورہی ہے، معاشرے میں سماج دشمن عناصر کو فروغ دینے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔