وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 13 دسمبر کو پنڈ دادن خان میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے ہماری جان چھڑائی۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اگر جنرل (ر) پرویز مشرف کو سزا دینا ضروری ہے تو ان کا ساتھ دینے والے تمام لوگوں کو سزا دی جانی چاہئے۔ پرویز مشرف اقتدار میں تھے اور لوگ قطار در قطار ان کا سگار سلگاتے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کی امید تو ان کے گھر والوں کو نہیں، عوام کو کیسے ہوسکتی ہے؟
فواد چوہدری نے کہا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت ایک حساس نوعیت کا معاملہ تھا جسے حکومت نے خوش اسلوبی سے حل کیا، آرمی چیف کی تقرری پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں۔ اس پر قانون سازی6 ماہ میں کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہر جہلم میں حکومت دُنیا کا جدید ترین سائنس و ٹیکنالوجی پارک بنانے والی ہے جس کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غریب آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اپنے دور حکومت میں افسران کو ہر قسم کے سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے، غریب کو طاقتور کے خلاف تحفظ فراہم کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے