پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی صحت کے متعلق بہت فکر مند ہیں۔
لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف آدھے گھنٹے میں ملک سے باہر جا سکتے ہیں اگر ان کی خواہش ہو جبکہ وہ ابھی اپنے گھر میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کہاں جا سکتی ہے کسی کو علم نہیں، وزیر اعظم
پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر ملک کے بہترین ڈاکٹرز انہیں مہیا کیے گئے جبکہ سیکیورٹی بانڈ لینے کا مشورہ قانون دانوں کی طرف سے دیا گیا۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پر جو مقدمات چل رہے ہیں، جو رقم سیکیورٹی بانڈز کی بنتی ہے، وہ تو اس کا معمولی حصہ بھی نہیں جبکہ شریف خاندان کے لیے بہتری کی بات یہ ہے کہ وہ سیکیورٹی بانڈز پر فی الحال دستخط کردیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار سیکیورٹی بانڈز پر دستخط ہو جانے کے بعد اسے بعد ازاں عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے اور دیگر آپشنز بھی شریف فیملی کو ان کے ماہرینِ قانون بتا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مؤقف نواز شریف کے معاملے میں بالکل واضح ہے۔ ہم سابق وزیر اعظم صحت پر کوئی سیاست نہیں چاہتے، نہ ہی حکومتی سطح پر ایسی کوئی بات ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بات لاشوں کی سیاست پر لے آئے ہیں تو ان کی جدوجہد کے نتائج کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
سینئر مرکزی رہنما پی ٹی آئی ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانا ایک تیر سے کئی شکار کرنے کی منصوبہ بندی کر کے آئے تھے لیکن تمام تدبیریں ان کے اپنے ہی گلے پڑ گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک کسی بھی طرح کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا ،ہمایوں اختر خان