مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو افراد کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر پر ذلیل و رسوا ہوا جس کا غصہ معصوم شہریوں پر نکالا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے حالات کے باعث عالمی سطح پر بھارت کو ہزیمت کا سامنا ہوا جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب سکھر کاخورشیدشاہ کےمبینہ فرنٹ مین زبردست خان کے گھر دوبارہ چھاپہ
انہوں نے سوال کیا کہ بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنا کر بھارت کون سی دلیری کا ثبوت دے رہا ہے۔ بھارت کو چاہئے کہ لائن آف کنٹرول پر اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔ ہم مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکیل اور رکھ چکری سیکٹرز پر فائرنگ کی جس سے 2 شہری شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 60 سال کی سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان ایوب شہید ہوگئے۔بھارتی فوج کی فائرنگ میں 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل اوسی پرپھراشتعال انگیزی ،معمرخاتون اوربچہ شہید