مصطفیٰ کمال نے خود کو احتساب کے لیے پیش کردیا، کہا غلطی کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے المناک واقعے پر خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی غلطی کا مرتکب ہوا اسے کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

پمز اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ انہوں نے احتساب کے لیے سب سے پہلے خود کو وزیراعظم کے سامنے پیش کیا ہے، وزیراعظم ان کے باس ہیں اور وہ جو بھی فیصلہ کریں گے، اسے قبول کریں گے۔

استعفے سے متعلق سوال پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل سب سے پہلے خود سے شروع ہونا چاہیے، اسی لیے انہوں نے خود کو وزیراعظم کے سامنے پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق صبح 6 بج کر 38 منٹ پر ایئرکنڈیشنر کے قریب اسپارکنگ نظر آئی، جبکہ 6 بج کر 39 منٹ پر لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق کوئی چیز نہیں چھپائی جائے گی اور تمام ثبوت سامنے لائے جائیں گے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ دو سے تین روز میں سامنے آ جائے گی، اگر کسی نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی تو اسے معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایئرپورٹ سے سیدھا پمز اسپتال پہنچے ہیں اور یہاں سے وزیراعظم سے ملاقات کے لیے جائیں گے۔

Related Posts