پشاور:حکومت مخالف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مالاکنڈ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ آج کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ظفر پارک بٹ خیلہ میں آج کے پی ڈی ایم جلسے کیلئے سیکیورٹی انتظامات سخت کردئیے گئے۔ جلسہ گاہ میں پی ڈی ایم رہنماؤں، قائدین اور عوام الناس کیلئے 10 ہزار کرسیاں بچھا دی گئیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت بھی جلسہ گاہ میں عوام کے جمِ غفیر سے خطاب کرے گی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگی رہنما امیر مقام ریلیوں کی صورت میں ظفر پارک پہنچیں گے۔ جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ساہیوال اور فیصل آباد میں جنوری میں اپنی حکومت مخالف احتجاجی ریلیاں دوبارہ ترتیب دینے کا فیصلہ کیا۔
ساہیوال ریلی 18 جنوری کی بجائے 27 جنوری کو شیڈول کی گئی۔ ابتدا میں فیصل آباد میں 27 جنوری کو ریلی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی تاریخ تبدیل کردی گئی۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کے ساہیوال اورفیصل آبادجلسے کی تاریخ تبدیل