پاکستانی طلباء کا سنگاپور میں شاندار کارنامہ، 8 ایوارڈز اپنے نام کر لیے

تازہ ترین

تازہ ترین

ویسٹ منسٹر ماڈل یو این سوسائٹی کے پاکستانی طلباء کے وفد نے گلوبل ماڈل یو این سنگاپور 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ وفد کے 10 میں سے 8 طلباء مندوبین نے مختلف ایوارڈز حاصل کیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق 11 سے 15 اگست 2026 تک سنگاپور میں منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس میں ویسٹ منسٹر ماڈل یو این سوسائٹی کے طلباء نے پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں دنیا بھر سے شریک مندوبین کے ساتھ سفارت کاری، مباحثہ، عوامی تقریر اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستانی وفد نے سنگاپور کے سنٹیک سٹی کنونشن سینٹر میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی، جہاں ایک پاکستانی مندوب کو کمیٹی کارکردگی، مذاکراتی صلاحیت، قیادت اور مؤثر نمائندگی پر “بہترین مندوب” کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس کامیابی میں کم عمر طلباء نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ اسنا احمد علوی اور ریان، جن کی عمریں صرف 12 سال ہیں، نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کی۔

طلباء کی کارکردگی نے ان کی خود اعتمادی، عوامی گفتگو، سفارتی سمجھ بوجھ اور مذاکراتی مہارتوں کو اجاگر کیا۔ نوجوان پاکستانی مندوبین نے ثابت کیا کہ عالمی سطح پر کامیابی کے لیے عمر رکاوٹ نہیں بنتی۔

ویسٹ منسٹر ماڈل یو این سوسائٹی کی یہ کامیابی بین الاقوامی تعلیمی اور یوتھ ڈپلومیسی فورمز میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی نمائندگی کی عکاسی کرتی ہے۔

گلوبل ماڈل یو این سنگاپور 2026 میں کامیابی طلباء، ان کے والدین، اساتذہ اور پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک قابل فخر لمحہ قرار دی جا رہی ہے۔

Related Posts