کراچی : نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیزخان اورصدر نسیم اخترنے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں قبضہ مافیا کی بڑھتی سرگرمیوں اور صنعتی ایریا کی سڑکوں پرکچرا کنڈیا ں قائم ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے اور صنعتی ایریا میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کریں تاکہ صنعتی پیداواری سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری رکھی جاسکیں۔
نکاٹی کے رہنماؤں نے ایک بیان میں کہاکہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سڑکوں اور اندرونی راستوں پر جگہ جگہ کچرا کنڈیاں قائم کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے فیکٹریوں میں خام مال کی سپلائی اور برآمدی مال کی ترسیل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ روڈ9ہزار پر کچرا کنڈیاں بنادی گئی ہیں جبکہ انتظامیہ کی توجہ نہ ہونے کی وجہ سے اب چنگ چی رکشہ والوں نے بھی ڈیرے جمالیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نارتھ کراچی صنعتی کی مرکزی سڑکوں پر کچرے کے ڈھیر اور بڑی تعداد میں چنگ چی رکشے کھڑے کرنے سے دوطرفہ روڈ بند ہو گیا ہے جس کی وجہ سے صرف ایک راستے پر دوطرفہ گاڑیاں چل رہی ہیں جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں ۔
ان کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو خام مال کی فراہمی اور فیکٹریوں سے برآمدی مال کی بندرگاہ ترسیل کے لیے بڑے ٹرالر اور ٹرکوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔
مزید برآں روڈ 9ہزار پر کچرا کنڈیوں اور چنگ چی رکشوں کی بھرمار کے باعث ٹرالر کو صنعتوں تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ ڈی ایم سیز کو متعدد بار شکایت کے باوجود بھی نارتھ کراچی صنعتی ایریا سے کچرا کنڈیوں کا خاتمہ نہیں کیا گیا جس سے پورا صنعتی ایریا کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہا ہے۔
مزید پڑھیں: ایشیائی ممالک، نجی شعبے، سول سائٹی کورونا سے نمٹنے میں مدد کریں، سعید غنی