بھارتی ماڈل اور اداکارہ نیہا ملک نے کانز فلم فیسٹیول 2025 میں اپنی پہلی شرکت کے دوران سرخ رنگ کے بولڈ لباس میں شرکت کی جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
ان کا یہ لباس لبنانی ڈیزائنر نجا سعدے کا تیار کردہ تھا، جس میں گہرے گلے اور چمکتے موتیوں کا استعمال کیا گیا تھا۔ نیہا نے اس موقع پر انسٹاگرام پر ایک پیغام بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنی جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر کے سفر کا ذکر کیا۔
نیہا ملک کا تعلق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر ہردا سے ہے۔ انہوں نے ماڈلنگ کیریئر کا آغاز 2012 میں کیا اور عرب فیشن ویک میں تیسری خوبصورت ترین خاتون قرار پائیں۔
اس کے بعد انہوں نے دبئی فیشن ویک، بنکاک بیچ فیشن ویک اور گوا بریڈل فیشن ویک میں شرکت کی۔ نیہا نے کئی پنجابی گانوں میں بھی کام کیا،انہوں نے فلم “بھانواری کا جال” سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور “گاندھی پھر آ گیا” اور “پنکی موگے والی 2” جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی۔
کانز میں نیہا کی شرکت نہ صرف ان کے کیریئر کا اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ ان کے عزم، محنت اور خوابوں کی تعبیر کی علامت بھی ہے۔ ان کا بولڈ لباس اور خود اعتمادی نے انہیں فیشن کی دنیا میں ایک نمایاں مقام دلایا ہے۔