مفتی کفایت اللہ کی ڈھائی ماہ بعد ضمانت منظور، رہائی کل ہو گی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مفتی کفایت اللہ کی ڈھائی ماہ بعد ضمانت منظور، رہائی کل ہو گی
مفتی کفایت اللہ کی ڈھائی ماہ بعد ضمانت منظور، رہائی کل ہو گی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ہری پور : جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ کی ضمانت منظور ہو گئی۔  پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ کے جسٹس شکیل احمد کی عدالت میں محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا۔ کل ہری پور جیل سے رہائی کے بعد مانسہرہ میں مفتی کفایت اللہ کیلئے استقبالی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

28 جون پیر کو مفتی کفایت اللہ کی رہائی کیلئے درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی تھی جس میں مدعی کی جانب سے سپریم کورٹ بار کے سابق صدور فضل حق عباسی ایڈووکیٹ، سینیٹر کامران مرتضی ایڈووکیٹ، سپریم کورٹ بار کے سابق نائب صدر امجد علی شاہ ایڈووکیٹ ، صدر مانسہرہ بار ایسوسی ایشن بلال خان ایڈوکیٹ اور مانسہرہ سے یاسر الہدیٰ ایڈوکیٹ پیش ہوئے تھے جب کہ حکومت کی جانب سے  اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سمیت دیگر پیش ہوئے تھے۔

سماعت کے موقع پر مدعی کے فریقین کے وکلا نے عدالت میں اپنے اپنے دلائل دیئے تھے ۔ جس کے بعد مدعی کے وکلاء نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ہمارے موکل مفتی کفایت اللہ کو ضمانت دی جائے اور انہیں  باعزت بری بھی کیا جائے۔

جس کے بعد عدالت کی جانب سے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا اور آج جمعہ 2 جولائی کی سماعت میں مفتی کفایت اللہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔

مفتی کفایت اللہ کو کل ہفتہ کی شام کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہری پور سینٹرل جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔ جس کے بعد مانسہرہ میں استقبالی جلسے کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ جہاں علمائے کرام کے علاوہ مفتی کفایت اللہ خود بھی خطاب کریں گے۔

معلوم رہے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ پر وفاقی کابینہ نے سنگین غداری کا مقدمہ درج کرنے کی منظوری دی تھی۔ مقدمہ 26 دسمبر 2020 کو نجی ٹی وی ٹاک شو کی بنیاد پر بنایا گیا تھا، جس کی وجہ سے مفتی کفایت اللہ لگ بھگ 80 روز ہری پور سینٹرل جیل میں قید رہے ہیں۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے مفای کفایت اللہ رہائی کے بعد اگلے ہی روز آنکھ میں موتیئے کا علاج و آپریشن کرانے کیلئے LRBT عطر شیشہ اسپتال جائیں گے۔

اس حوالے سے مفتی کفایت اللہ کے صاحبزادے حافظ حسین کفایت کا کہنا ہے کہ عدالت نے درخواست ضمانت پر رہائی دی ہے اور امید ہے مفتی صاحب بے بنیاد مقدمے میں باعزت بری ہونگے ۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ مفتی کفایت اللہ کی رہائی کے بعد آبائی علاقے ترنگڑی مانسہرہ میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا اور استقالی جلسہ بھی منعقد ہو گا جس میں علمائے کرام خطاب فرمائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں : گیس کا بحران،ایف پی سی سی آئی نے وزیراعظم سے مدد کی درخواست کر دی

Related Posts