کراچی میں واقع ایک گھر میں آگ لگنے کے باعث ماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ باپ اور بیٹا زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 4 میں پیش آیا جہاں زمان آباد کے ایک گھر میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے جاں بحق اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ یو پی ایس کے باعث لگی۔ کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ نے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی جان لے لی جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں 6افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے۔
ستمبر کے دوران یہ واقعہ کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں پیش آیا جہاں 3 منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ نے قابو پا لیا تاہم آتشزدگی کے باعث 2 خواتین اور 1 بچی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
مزید پڑھیں: عمارت میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی