کراچی میں خاتون سے زیادتی کی کوشش اور بیٹے کو قتل کرنے والا ملزم قریبی رشتہ دار نکلا۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے جو خاتون کے شوہر کا کزن ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے شہر قائد کے علاقے اورنگی میں معصوم بچے کو قتل اور ماں بیٹی کا گلا کاٹنے کے ملزم سمیر علی کو گرفتار کرلیا۔ زخمی خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر کی غیر موجودگی میں ملزم نے دست درازی کی کوشش کی۔
زخمی خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم سمیر میرے شوہر کا ماموں زاد بھائی ہے جس نے زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر استری سے چہرے اور گردن پر وار کیے، ملزم کے حملے کے باعث خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ ملزم نے بیٹی اور بیٹے کو بھی مارا۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں اسٹریٹ کرائم، چوری، ڈکیتی اور قتل کے علاوہ جنسی زیادتی کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ پنجاب پولیس اور سندھ پولیس سمیت سکیورٹی فورسز کو انسدادِ جرائم میں مشکلات کا سامنا ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم نے بیٹی اور بیٹے کے سر اور گلے پر وار کرکے دونوں کو زخمی کردیا۔ ملزم کے حملے سے زخمی ہونے والا بچہ سبحان علاج کے دوران انتقال کرگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے واقعے کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔