کراچی پولیس کی خاتون ایس ایچ او سب انسپکٹر غزالہ کو ہراساں کرنے پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے نازیبا ویڈیوز برآمد کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل نے خاتون پولیس افسر کی شکاتی پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم نعیم عرف کالو کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے میں موجود موبائل فون سے خاتون افسر کی کئی غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز برآمد ہوئیں۔
ملزم نعیم سائبر کرائم سرکل میں مقدمہ درج ہونے کے بعد ضمانت کیلئے کراچی پہنچا جہاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے تصاویر اور ویڈیوز مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران کو ارسال کی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کافی عرصے سے خاتون پولیس آفیسر کو دھمکیاں دے رہا تھا اور پیسوں کا بھی تقاضہ کرتا تھا۔ لاہور میں ملزم کافی اثر و رسوخ رکھتا ہے جبکہ خاتون افسر نے چند روز قبل بلیک میل کرنے کے بارے میں سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کی تھی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سندھ پولیس کی انسپکٹر غزالہ پر کروڑوں کے غبن اور دھمکیاں دینے کا الزام سامنے آیا۔
احمد نعیم عرف کالو نے انسپکٹر غزالہ نامی سندھ پولیس کی سینئر آفیسر پر1 ماہ قبل یہ الزام عائد کیا کہ وہ کروڑوں روپے لے چکی ہیں اور اب مجھے اپنے بیٹوں اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے ڈرا دھمکا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: خاتون پولیس افسر غزالہ پر کروڑوں کے غبن اور دھمکیاں دینے کا الزام