معروف اداکارہ اور کاروباری شخصیت کومل عزیز خان نے حالیہ گفتگو میں اپنی زندگی کے واحد خوف کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ شادی ان کا وہ واحد خوف ہے جس پر وہ اب تک قابو نہیں پا سکیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو “گڈ مارننگ پاکستان” میں میزبان ندایاسر کے ساتھ گفتگو کے دوران کومل عزیز خان سے جب ان کے سب سے بڑے خوف کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ میں زندگی میں بہت بہادر رہی ہوں، احتجاج میں بھی حصہ لیا، خود کے لیے لڑنا بھی سیکھا، اسٹیج پر کھڑی ہوئی، کاروبار بھی چلایالیکن اگر کوئی ایک چیز ہے جس سے میں واقعی ڈرتی ہوں، تو وہ صرف اور صرف شادی ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوف بچپن میں دیکھی گئی شادیوں کی وجہ سے ہے۔ اگرچہ وہ شادیاں خوفناک نہیں تھیں مگر اتنی متاثر کن بھی نہیں تھیں کہ میں سب کچھ چھوڑ کر شادی کر لوں۔ اسی لیے میں نے ہمیشہ خود مختاری کو ترجیح دی نہ صرف مالی طور پر بلکہ جذباتی طور پر بھی۔
اداکارہ نے کہا کہ آج کے دور میں بھی میں نے ایسی لڑکیاں دیکھی ہیں جنہیں شادی کے بعد کام کرنے کی اجازت نہیں ملتی، جس کی وجہ سے وہ مالی طور پر خودمختار نہیں بن پاتیں اور پھر جذباتی طور پر بھی دوسروں پر انحصار کرنا پڑتا ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں۔