وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ خوشونت سنگھ نے نسل پرستی و ہندوتوا کے نظرئیے کے ساتھ بھارت کا مستقبل پہلے دیکھ لیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے خوشونت سنگھ کی پیش گوئی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دیکھ لیا تھا کہ نسل پرستی کے نظرئیے کے ساتھ بھارت کس راہ پر چل نکلا ہے۔
خشونت سنگھ کی پیشگوئی: انہوں نے دیکھ لیا تھا کہ نسلی تفاخر کے نظریے کے ساتھ بھارت کس راہ پر چل نکلا ہے۔ pic.twitter.com/CYnA47FBDw
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 19, 2019
وزیر اعظم کی شیئر کی گئی تحریر میں بھارتی مصنف خوشونت سنگھ نے کہا کہ ہر فاشسٹ جماعت کو وہ گروہ اور لوگ درکار ہوتے ہیں جنہیں غلط رنگ دے کر وہ آگے بڑھ سکے، جبکہ وہ ایک یا دو گروہوں سے کام کاآغاز کرتے ہیں۔
بھارتی مصنف خوشونت سنگھ نے تحریر میں کہا کہ ایک یا دو گروہوں سے (فساد) شروع کرنے کے بعد وہ (فاشسٹ جماعت) وہاں رکتی نہیں ہے جبکہ نفرت کی بنیاد پر شروع کی گئی تحریک مسلسل خوف و دہشت کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتی ہے۔
تحریر میں خوشونت سنگھ نے مزید کہا کہ مسلم یا عیسائی ہونے کے باعث خود کو محفوظ تصور کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ایک مذہب سے شروع ہونے والی نفرت کسی اور مذہب یا ثقافت پر بھی منتقل ہوسکتی ہے۔
اپنی تحریر کے آخر میں خوشونت سنگھ نے بھارت کے مستقبل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر ہم بھارت کو محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں (نفرت کے خلاف آگے بڑھتے ہوئے ) یہ سمجھنا ہوگا کہ ہم میں سے کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بے بس اور بے وسیلہ پناہ گزین کے مسائل کا امیر ملک ادراک نہیں کرسکتے، دنیا سے ایسے حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس سے لوگ پناہ گزین بنتے ہیں، مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستانی قوم قابل تعریف ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں گزشتہ روز پناہ گزینوں کے پہلے عالمی فورم کا آغاز ہوا جس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلے ریفیوجی گلوبل فورم کے انعقاد پر بہت خوشی ہے اور میں دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: بے بس پناہ گزینوں کو امیر ممالک نہیں سمجھ سکتے۔وزیر اعظم