اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے عالمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو شیخ علی بن عبداللہ کی ملاقات ہوئی جس کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عالمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو نے پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کادورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکوں سے متعدد مکانات زمیں بوس، 50 افراد زخمی
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں پائیدار اور دیر پا امن کے قیام کو تقویت حاصل ہوئی ہے جس کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رُخ کر رہے ہیں جبکہ معاشی و اقتصادی ترقی کے راستے کھل چکے ہیں۔
سربراہ اسلامک بینک نے ملکی امن و امان کے استحکام میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے پاکستان میں قیام امن کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔ پائیدار امن کے قیام سے خطے میں معاشی و کاروباری سرگرمیوں کو تقویت حاصل ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کہہ چکے ہیں کہ سول انتظامیہ کو بھرپور مدد فراہم کرکے زلزلے سے متاثرہ افراد کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔آرمی چیف نے میرپور میں جاتلاں کینال روڈ کا فضائی جائزہ لیا، جب کہ متاثرہ روڈ کی بحالی کے لیے جاری انتظامات بھی دیکھے۔
مزید پڑھیں: زلزلے سے متاثرہ افرادکی بحالی کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے،آرمی چیف