پنجاب میں ڈرونز کے آزادانہ استعمال پر قدغن لگا دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر آئندہ 30 روز تک پابندی نافذ کردی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اقدام دفعہ 144 کے تحت کیا گیا ہے تاہم ہر قسم کے ڈرون استعمال پر مکمل پابندی نہیں ہوگی۔ شادی ہالز اور مارکیز میں ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کو محدود دائرے میں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی ان ڈور تقریب میں ڈرون استعمال کرنے کی صورت میں اس کے محفوظ آپریشن کی تمام تر ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہوگی۔
سرکاری طور پر جاری تفصیلات کے مطابق انٹیلیجنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا جس کے باعث وہ اپنی سرکاری ذمہ داریوں اور آپریشنل ضروریات کے تحت ڈرون استعمال کرسکیں گے۔
دوسری جانب تحقیق اور دیگر مجاز مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے والوں کے لیے بھی باقاعدہ اجازت کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ داخلہ نے سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دی ہے۔
تحقیقی سرگرمیوں یا دیگر مجاز استعمال کے لیے ڈرون چلانے سے قبل کمیٹی سے تحریری اجازت لینا لازمی ہوگا۔ منظوری حاصل کرنے والے افراد یا ادارے پابندی کے دائرے سے مستثنیٰ تصور کیے جائیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق نئی پابندی کا مقصد ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کو سکیورٹی تقاضوں کے مطابق منظم کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








