سعودی عرب کے شہر جدہ سے اسلام آباد آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) پرواز کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے نتیجے میں میاں بیوی کی طبیعت ناساز ہوئی جبکہ ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں۔
قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے کپتان نے کراچی ائیر پورٹ پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تاکہ مریضوں کو ہسپتال پہنچایا جاسکے۔
ائیر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر کپتان کو لینڈنگ کی اجازت دی جس کے بعد طیارہ کراچی ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا جس کے بعد طبی اسٹاف اور ڈاکٹرز موقعے پر پہنچ گئے۔
حکام کے مطابق میاں بیوی محمد رفیق اور صابرہ بی بی کے ساتھ ساتھ ماہالا نامی خاتون کو بھی دل کا دورہ پڑا جس کے بعد تینوں کی طبیعت ناساز ہو گئی، تاہم ماہالا خاتون کو نہ بچایا جاسکا۔
محمد رفیق اور صابرہ بی بی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ماہالا نامی انتقال کرجانے والی خاتون کے رشتہ داروں سے رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا ، لاہور سے ٹورنٹو جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے789 کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں26 نومبر کو دوران پرواز اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی، لاہورسے ٹورنٹو کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا