کراچی :پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی و ماہر صحت ڈاکٹر عمران علی شاہ نے شہر قائد میں تیزی سے پھیلتی بیماریوں اور ان سے ہلاکتوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صرف ماہ نومبر کے 12 دنوں میں 2704 کیسز جبکہ رواں برس 12258 کیسز ڈینگی کے رپورٹ ہوئے۔
شہر میں کانگو وائرس سے 20،ڈینگی سے 34،ریبیز سے 22 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دماغ چاٹنے والے جرثومے نگلیریا سے صرف کراچی میں 16 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی۔
صوبے میں ملیریا کے 60 ہزار اور ٹائیفائیڈ کے 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر عمران شاہ نے کہا کہ شہر قائد کی غیر صحت مند آب و ہوا کی وجہ سے شہری قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور محکمہ صحت کی ازلی نااہلی کے باعث شہر کی آب و ہوا زہریلی ہوگئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی ناکام حکومت نے تمام محکموں کو تباہ و برباد کر دیا۔
مزید پڑھیں :کراچی میں ڈینگی ایک اور زندگی نگل گیا، رواں برس مرنے والوں کی تعداد 34ہوگئی