لاہور / کراچی: جشنِ آزادی کے موقعے پر آج صبح کے وقت شہرِ قائد میں بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق روشنیوں کے شہر کراچی میں بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں نیول اکیڈمی کے کیڈٹس شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے قائدِ اعظم کے نظریات پر عمل کرنا ہوگا۔صدرِ مملکت
پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ کموڈور سہیل احمد عزمی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں مہمانِ خصوصی تھے۔
مہمانِ خصوصی کموڈور سہیل احمد عزمی نے مزارِ قائد پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کیں اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔
دوسری جانب داتا کی نگری لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ رینجرز کے دستے کی جگہ پاک فوج نے فرائض سنبھال لیے۔
پاک فوج کا چاق و چوبند دستہ مزارِ اقبالؒ کی حفاظت پر تعینات کیا گیا جس نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل انیق الرحمان ملک تھے۔
گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل انیق الرحمان نے حکیم الامت علامہ اقبال کے مزار پر پھولوں کا خوبصورت تحفہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقعے پر مہمانِ خصوصی میجر جنرل انیق الرحمان نے قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ حکیم الامت علامہ اقبال کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں 75واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے جبکہ پاکستان دُنیا کے نقشے پر 14 اگست 1947 پر نیا اسلامی ملک بن کر ابھرا۔
پاکستان کے تمام شہروں میں 75واں یومِ آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالخلافوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں 75واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے