ملک بھر میں سیلاب، جاں بحق افراد کی تعداد 1290، زخمیوں کی 12ہزار سے زائدہوگئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: ملک بھر میں سیلاب نے تباہی مچا دی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 26 افراد کے انتقال کر جانے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 1290 جبکہ زخمیوں کی 12ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) نے ملک بھر میں سیلاب سے اموات پر رپورٹ جاری کردی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26مزید شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی جبکہ اب تک انتقال کر جانے والے 1290افراد میں سے 570مرد تھے۔

یہ بھی پڑھیں:

منچھر جھیل کی سطح بلند، سیہون کی 5 یونین کونسلز ڈوب جانے کا خدشہ

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث انتقال کرجانے والوں میں 259 خواتین اور 453 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 12000 سے زائد ہے۔ سیکڑوں کلومیٹر طویل سڑکیں تباہ ہوگئیں۔ سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث لاکھوں کی تعداد میں مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈینیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق قومی شاہراہ مدین این 95 بحرین اور لائیکوٹ کے درمیان بلاک ہوگئی، سندھ کی قومی شاہراہ این 55 میہر جوہی نہر سے لے کر خیبر پور ناتھن شاہ تک ڈوب گئی جسے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ سیلاب اور بارش کے باعث ریلوے نیٹ ورک بھی تباہ حالی کا شکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ تافتان اور کوئٹہ سبی اور سبی سے حبیب کوٹ تک ریلوے ٹریک بند کردیا گیا۔ سندھ اور پنجاب کے مابین حیدر آباد سے روہڑی اور ملتان تک ریلوے ٹریک مختلف مقامات پر متاثر ہوا۔ نقصانات کے سروے کیلئے 29 ٹیمز نے کام جاری رکھا ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سروے ٹیمز بلوچستان کے مختلف شہروں بشمول گوادر، کوئٹہ، آواران، لسبیلہ اور قلعہ سیف اللہ میں موجود ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف گزشتہ روز قائم کیے جانے والے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کے سربراہ ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اراکین اور عسکری حکام بھی ادارے کی قیادت کر رہے ہیں۔

Related Posts