وفاقی بجٹ 2025-26 کے بعد منعقدہ پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس اس وقت ہنگامہ خیز صورت حال اختیار کر گئی جب صحافیوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس سے متعلق تفصیلی بریفنگ نہ دیے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔
کانفرنس کا آغاز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ہوا تاہم تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی میڈیا نمائندوں نے شکایت کی کہ انہیں بجٹ میں شامل نئے ٹیکسوں اور محصولات پر تسلی بخش معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
صحافیوں کا مؤقف تھا کہ وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر نے بجٹ کی اصل تفصیلات، خصوصاً ٹیکسوں کے بوجھ سے متعلق پہلو چھپانے کی کوشش کی ہے، جس کے باعث وہ یکطرفہ بیانیے کا حصہ بننے کے بجائے اپنا پیشہ ورانہ بائیکاٹ ریکارڈ کرا رہے ہیں۔
احتجاج کے دوران بعض صحافیوں نے نعرے بھی لگائے اور شفاف معلومات فراہم نہ کیے جانے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں صحافیوں کی بڑی تعداد نے کانفرنس روم سے واک آؤٹ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بعد میں صحافیوں کو منانے کی کوشش کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ایف بی آر حکام تفصیلی وضاحت جلد فراہم کریں گے۔