اسلام آباد: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی عوام میں پذیرائی اسی وقت ممکن ہے جب وہ اپنی آواز مظلوم کشمیریوں کے حق میں بلند کریں۔
وزیر اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر مولانا فضل الرحمان کو دئیے جانے والے پروٹوکول اور مراعات کا قرض ادا کرنے کا وقت آگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بمباری سے 1 خاتون جاں بحق 3 افراد زخمی
مولانا فضل الرحمان کو مظلوم کشمیریوں کی کھل کر حمایت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ آپ اپنے الفاظ کے تیروں کا رخ فسطائی اور ظالم بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف موڑیں۔
مولانا صاحب! عوام میں آپ کی پذیرائی تب ہی ممکن ہے جب آپ اپنی آواز مظلوم کشمیریوں کے حق میں بلند کریں۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر پروٹوکول اور مراعات کا قرض ادا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اپنے الفاظ کے تیروں کا رخ فسطائی مودی کی جانب موڑیں۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) October 3, 2019
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی مثال بن چکی ہے۔مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مسلسل سیاست کر رہی ہیں اور مولانا کے ذریعے مدارس کے معصوم اور غیرسیاسی بچوں کو سیاسی مفادات کا ایندھن بنانا چاہتی ہیں جو افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کھڑے ہونے کا خطرہ بھی مول نہیں لینا چاہتیں۔انہوں نے سوال کیا کہ آپس میں جو سچ نہیں بول سکتے وہ عوام کے ساتھ کیا سچ بولیں گے؟
دونوں جماعتیں مولانا کے ساتھ کھڑے ہونے کا خطرہ بھی مول نہیں لینا چاہتیں۔ آپس میں جو سچ نہیں بول سکتے وہ عوام کے ساتھ کیا سچ بولیں گے؟
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) October 3, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ای کامرس پالیسی نوجوان کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کی طرف حکومت کا اہم اقدام ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دوہرے ٹیکس سے بچنے کے لیے آسان سنگل ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کرایا جائے گااور لاجسٹک کے شعبے کو موثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے ای کامرس پر منتقل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ای کامرس پالیسی نوجوان کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کی طرف اہم قدم ہے۔فردوس عاشق اعوان