اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم کو 80کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 5ارب ڈالر تک لے جانے کےعزم کا اظہارکیا ہے۔
پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ کل میری صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات ہوئی اور آج پارلیمنٹ کے مشترکہ سے خطاب کا موقع بھی ملا، پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نےکہا کہ اعلیٰ سطح کے دوروں سے دو طرفہ تعاون کے معاملات کو فروغ ملتا ہے، اعلیٰ سطحی تذویراتی کونسل کا چھٹا اجلاس آج دونوں ملکوں کے درمیان ہو گا، پاکستان اور ترکی کا باہمی تجارتی حجم اپنی صلاحیت سے بہت کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کو5ارب ڈالرتک لےجائیں گے، ہمیں دوطرفہ تجارت کومزیدفروغ دیناچاہیے، ترکی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیاہے، چاہتےہیں مزیدپاکستانی تاجر بھی ترکی میں سرمایہ کاری کریں۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کیلئےترک ویزوں میں آسانی پیداکریں گے،دونوں ملک باہمی مفاد کی حامل مختلف صنعتوں میں مل کر کام کر سکتے ہیں اور ہمیں اپنے درمیان کسی بھی تجارتی دیوار کو حائل نہیں ہونے دینا چاہیے۔
ترک صدر نے کہا کہ ترکی میں پاکستانی سرمائے کی حامل 158کمپنیاں کام کر رہی ہیں، ہم اس طرح کی مزید کمپنیاں دیکھنے کے خواہشمند ہیں، میں پاکستانی بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ترک معیشت پر اعتماد رکھیں، ہم دنیا کی 20بہترین معیشتوں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبےسےپاکستانی معیشت مضبوط ہوگی، ترکی کوبھی مشکل معاشی حالات کاسامناتھا،عزم و ہمت سے اپنی مشکلات پر قابو پایا، ترکی پر قرضہ 72 فیصد تھا جسے ہم کم کر کے 32 فیصد پر لائے ۔
رجب طیب اردوان کا مزید کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے،کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستانی حکومت اقدامات کر رہی ہےاور میرے بھائی عمران خان کی زیر قیادت اچھا ماحول فراہم کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیر ترکی کے لیے وہی حیثیت رکھتا ہے جو پاکستان کے لیے رکھتاہے، طیب اردوان