سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑیں گے۔وزیر اعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑیں گے۔وزیر اعظم
سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑیں گے۔وزیر اعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ آج  سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ہم کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑیں گے۔وقت آگیا ہے کہ بھارت کو سبق سکھایا جائے۔ 

وفاقی دارالحکومت میں وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے باہر اظہارِ یکجہتی آور کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والی مودی حکومت سن لے۔ ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ نازیوں کے جرمنی پر قبضے کی طرح آر ایس ایس کا پورے بھارت پر قبضہ ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس ہندوستان کے آئین کے خلاف کام کر رہے ہیں کیونکہ وہ آئین کو تسلیم نہیں کرتے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  انتہا پسند ہندو چاہتے ہیں کہ بھارت سے مسلمانوں کو نکال دیں۔ آر ایس ایس کا نظریہ عیسائیوں اور دیگر اعتدال پسندوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔ یہ لوگ صرف ہندوتوا اور ہندو راج کو مانتے ہیں۔  کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔80 لاکھ کشمیری چار ہفتے سے کرفیو میں بند ہیں۔ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ میں پوری طرح شامل ہیں۔آج پاکستان سے پیغام جائیگا کہ جب تک ہمارے کشمیریوں کو آزادی نہیں ملتی پاکستانی قوم ان کےساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج دُنیا کی خاموشی پر افسوس ہو رہا ہے۔ مسلمانوں پر ظلم و ستم ہوتا ہے تو عالمی برادری اور اقوام متحدہ جیسے انصاف دینے والے ادارے  چپ رہتے ہیں۔ اگر کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو ساری دُنیا ان کے حق کے لیے لڑتی دکھائی دیتی۔ اگر آج دُنیا مودی کے توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف کھڑی نہ ہوئی تو ساری دُنیا اس سے متاثر ہوگی۔ دُنیا کے قائدین اور سربراہان اگر چپ رہے تو اس کا خمیازہ پوری دُنیا کو بھگتنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ شروع ہوچکی، دشمن کو بھرپور جواب دیں گے۔ شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ   آج پاکستانی جہاں بھی ہیں، چاہے وہ اسکول کے طلبہ ہوں، دکاندار ہوں، مزدور اور سرکاری ملازم ہوں، ہم سب اپنے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔میں نے نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والے مضمون میں کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالی ہے جبکہ مستقبل قریب میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو دُنیا کے سامنے لاؤں گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم دُنیا کو بتا رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے مودی حکومت آزاد کشمیر میں کوئی کارروائی کرنا چاہتی ہے۔ میں مودی کو خبردار کرتا ہوں کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ بھارت اپنا آخری پتہ کھیل چکا ہے اور ہم آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے۔ہم پوری دُنیا میں “کشمیر سے کرفیو ختم کرو” مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔ساری دُنیا میں مہم چلائی جائے گی اور سب کو ساتھ دینے کی ترغیب دیں گے۔ ایک مہینے سے کشمیر کو لاک ڈاؤن پر رکھا گیا ہے اور میڈیا کو بھی وادی تک کوئی رسائی نہیں دی گئی۔ ہم دُنیا کو بتائیں گے کشمیر میں کیسا ظلم ہو رہا ہے۔ 

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  کہ پاک فوج تیار ہے اور دُنیا کو علم ہونا چاہئے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے مقابلے پر آجانے  سے برصغیر کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے میں ان کو بتاؤں گا کہ اگر اس ظلم پر چپ کر کےبیٹھنے سے پوری دُنیا متاثر ہوگی۔ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ مودی کا غرور خاک میں ملا دیں گے اور کشمیر آزاد ہوگا۔ 

یاد رہے کہ آج مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے کراچی سے لے کر خیبر تک  پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی اور پاکستان کے ہر صوبے، شہر اور گلی میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے دن 12 بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک اہل وطن نے کشمیر آور منایا اور مظلوم کشمیری بھائیوں کے حق میں احتجاج کیا۔کشمیریوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ظلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مزید پڑھیں: مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی: پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے

Related Posts