کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والی فلائی دبئی کی پرواز پر سوار 2 مسافر اسرائیلی فوجی نکلے ہیں جو چھٹیاں گزارنے کیلئے سری لنکا کی طرف سفر کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے 3 روز قبل فلائی دبئی کی پرواز نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ اسرائیلی ویب سائٹ نے جمعرات کی صبح روٹیم یہود اور اٹائی راشٹین نامی دونوں اسرائیلی شہریوں سے بات چیت کی جو پرواز پر موجود تھے۔
دونوں اسرائیلیوں کو اسرائیلی فوج کی ریزرو ڈیوٹی سے فارغ کیا گیا تھا، جن کا کہنا ہے کہ طیارہ ڈیڑھ گھنٹے تک کراچی کی فضاؤں میں چکر کاٹتا رہا۔ اس دوران چند مسافر اور خاندان کچھ حد تک خوفزدہ بھی ہوئے جبکہ یہ طیارہ کراچی ائیرپورٹ پر 2 گھنٹے تک موجود تھا۔
فلائی دبئی کے طیارے نے ایندھن بھرے جانے کے بعد سری لنکن دارالحکومت کولمبو کی طرف اڑان بھری، جس سے قبل خوفزدہ خاندان پوچھ رہے تھے کہ کیا ہورہا ہے؟ اسرائیلی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہم میں سے کسی کو بھی صورتحال کا درست اندازہ نہیں تھا۔
اسرائیلی باشندوں نے کہا کہ ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد طیارے میں میڈیکل ٹیم آئی۔ ہم نہیں جانتے کہ پاکستانیوں کو ہمارے اسرائیلی ہونے کا علم تھا یا نہیں۔ اس دوران ہم اپنی نشستوں پر خاموش رہے اور کوئی غیر معمولی چیز محسوس نہیں کی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والے فلائی دبئی کے طیارے میں سوار 2 مسافروں کے اسرائیلی باشندے ہونے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ سری لنکا جانے والی پرواز ایف زیڈ 569 کو خاتون مسافر کی طبیعت بگڑنے پر لینڈنگ کی اجازت دی گئی تھی۔