اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹنگ مشین کو دھاندلی کا نیا فارمولہ قرار دیتے ہوئے ویڈیو شیئر کرکے خود ہی ڈیلیٹ کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ٹوئٹر ہینڈل سے ووٹنگ مشین کو دھاندلی کا نیا فارمولہ قرار دیتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جسے کچھ ہی دیر بعد الیکشن کمیشن حکام نے ڈیلیٹ کردیا۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف شیئر کی گئی ویڈیو میں ای وی ایم کے طریقۂ استعمال کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ویڈیو کے مطابق الیکٹرانک مشین کے استعمال سے انتخابات کے دوران دھاندلی ختم نہیں ہوگی بلکہ بڑھے گی۔
ویڈیو میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دھاندلی کا نیا فارمولہ قرار دے دیا گیا۔ ای وی ایم کے استعمال کے طریقہ کار کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ نئی انتخابی اصلاحات کے نام پر عوام سے مزید دھوکہ دہی ہوگی۔
وزیرِ اعظم عمران خان اور دیگر وفاقی وزراء نے سینیٹ انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کے کردار پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا اور 4 مارچ کو وزیرِ اعظم نے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا جس پر کمیشن کی جانب سے منفرد ردِ عمل سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچایا، وزیر اعظم
رواں برس 5 مارچ کے روز الیکشن کمیشن نے کہا کہ اداروں کو کام کرنے دیا جائے۔ کیچڑ نہ اچھالا جائے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے بیان سے ہمیں افسوس ہوا ہے۔ کسی دباؤ میں آئے ہیں نہ آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کے بیان پر افسوس، کسی دباؤ میں آئے ہیں نہ آئیں گے، الیکشن کمیشن
قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سمیت دیگر انتخابی اصلاحات کا کہا گیا جسے پر کمیشن کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف حکومت نے الیکشن کمیشن سے استعفے کا مطالبہ کردیا
وفاقی حکومت کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران اراکین خریدے اور بیچے گئے اور الیکشن کمیشن نے اپنا کردار بخوبی نہیں نبھایا جس کا کمیشن نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے رواں برس 9 مارچ کے روز حکومت سے ثبوت طلب کر لیے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت کا ثبوت مانگ لیا
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیرِاطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ ہاؤس آ کر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کرنا چاہئے۔ الیکشن اصلاحات پر تمام جماعتوں کو متفقہ فیصلہ کرنا ہوگا۔
آج سے 4 روز قبل اسلام آباد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آئندہ 5 سال بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی اور قانون سازی کا عمل نہیں رکے گا۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن پارلیمنٹ ہاؤس آ کر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کرے۔فواد چوہدری