کراچی کے شہریوں کیلئے نئی سوغات، عوام کی توجہ کا مرکز سرخ اور پیلے سینڈوچ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آج کل سرخ اور پیلے رنگ کے سینڈوچ کھانے کا نیا شوق سامنے آیا ہے جنہیں تیار کرنے کا سہرا روشنیوں کے شہر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کے سر ہے۔

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں چار مینار چورنگی پر دو طلباء نے سرخ اور پیلے سینڈوچ تیار کرنے کا کاروبار شروع کیا۔ روڈ سائیڈ بروسکیز کے نام سے شروع کیے جانے والے اس کام پر روزِ اول سے ہی عوام کی توجہ مرکوز ہے۔

سینڈوچ تیار کرنے والے ایک نوجوان نے بتایا کہ روڈ سائیڈ بروسکیز کا مطلب سڑک پر کھڑے ہو کر 2 بھائیوں جیسے دوستوں کا ساتھ مل کر کام کرنا اور عوام کو مزیدار سینڈوچ مہیا کرنا ہے۔

نوجوان طالبِ علم نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ ایک ایسا سینڈوچ ہوتا ہے جس میں سبزیوں اور چکن کا استعمال کیا جاتا ہے اور کھاتے ہوئے سبزیوں کا ذائقہ زیادہ محسوس ہوتا ہے۔ برگر کے مقابلے میں ہم سینڈوچ کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔

اپنے سینڈوچ کو رنگ دینے کا مقصد بیان کرتے ہوئے نوجوان نے کہا کہ ہم نے پیلے اور سرخ سینڈوچ اس لیے بنائے کیونکہ اس سے پہلے یہ خیال کسی اور کو نہیں آیا۔ سرخ رنگ چٹ پٹے اور مرچ مصالحے دار سینڈوچ کی نمائندگی کرتا ہے۔

نوجوان نے کہا کہ پیلے رنگ کے سینڈوچ میں زیادہ مرچ مصالحے استعمال نہیں کیے جاتے۔ ہم نے رنگوں کو فلیور کی صورت میں پیش کیا ہے۔ دوسرے نوجوان طالبِ علم نے کہا کہ سینڈوچ میں چکن، چٹنیاں اور سبزیاں استعمال کی جاتی ہیں۔

طالبِ علم نے کہا کہ سب کچھ گھر سے بنا کر یہاں لایا جاتا ہے۔ ہم میں سے ایک کی والدہ یہ تمام چیزیں گھر پر بناتی ہیں اور ہم اسے حتمی شکل دے کر عوام کی خدمت میں پیش کرتے ہیں۔ لوگ ہمارے بنائے ہوئے سینڈوچ کو بے حد پسند کرتے ہیں۔

اجزائے ترکیبی کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 7 مختلف قسم کی چٹنیاں ہیں اور 5 سے 6 مختلف سبزیاں ہیں۔ بن ہم صرف سرخ اور پیلے رنگ کا استعمال کرتے ہیں۔ سرخ سینڈوچ کیلئے چکن تکہ اور زرد کیلئے پیری بیری کا انتخاب کیا گیا ہے۔

عوام کی سہولت کیلئے سرخ سینڈوچ کا نام ریڈ سر اور زرد کا نام ییلو بومبر رکھا گیا ہے۔ لوگوں کا ردِ عمل بہت اچھا ہے۔ بہت سے لوگ نوجوان دوستوں کے پکے گاہک بن چکے ہیں۔ نئے لوگ سرخ اور پیلے سینڈوچ کھانے سے قبل تھوڑا بہت ہچکچاتے ہیں مگر پھر پسند کرنے لگتے ہیں۔

سب سے آخر میں انہوں نے بتایا کہ دونوں قسم کے سینڈوچز کی قیمت 250 روپے ہے جبکہ جوسز ہم 70 روپے میں فروخت کرتے ہیں۔ اوپر سے یہ سینڈوچ کرسپی اور اندر سے نرم ہونے کے علاوہ مزیدار سبزیوں اورچکن سے بھرپور ہوتے ہیں۔