کابل: افغانستان میں بد ترین زلزلے کے نتیجے میں 2000 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہرات میں ہفتے کے روز آنے والے زلزلے نے تباہی مچا دی جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 رہی۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں انفراسٹرکچر اور گھر تباہ ہو گئے۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ہرات سے 40کلومیٹر دور شمال مغرب کی جانب زیر زمین تھا جبکہ زلزلے کے آفٹر شاکس کی شدت 5.5 سے 6.3 تک ریکارڈ کی گئی۔ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ زلزلے سے اموات کا ابتدائی تخمینہ 320 افراد لگایا گیا ہے۔
افغانستان کے دیگر صوبوں بشمول فرح اور باد غیس میں بھی زلزلے کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث600 سے زائد افغان شہری زخمی جبکہ 2000افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
طالبان حکومت کے بیان کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں غوریان اور زندہ جان اضلاع کے 12 دیہات صفحۂ ہستی سے مٹ گئے، ریسکیو اہلکار ملبے سے زندہ افراد، زخمیوں اور میتوں کو نکالنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے جس پر اقوامِ متحدہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پناہ گزینوں کی میزبانی جاری رکھنے کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا تھا۔