دھابیجی اکنامک زون پاکستان کی معیشت کیلئے بہت اہم ہے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

k4 water project karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:  وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دھابیجی اکنامک زون پاکستان کی معیشت کیلئے بہت اہم ہے جبکہ اسپیشل اکنامک زون دھابیجی پروجیکٹ سی پیک کے تحت قائم کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اسپیشل اکنامک زون دھابیجی کا اجلاس ہوا جس کے دوران چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری انویسٹمنٹ، سیکریٹری ورکس، سیکریٹری ایل یو اور دیگر شریک ہوئے۔

دورانِ اجلاس وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ دھابیجی اکنامک زون کو گیس، بجلی اور پانی مہیا کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ اکنامک زون کی اراضی بورڈ آف انویسٹمنٹ کو رسمی طور پر دے دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ سرمایہ کاری بورڈ نے معاشی زون کی ترقی کیلئے عالمی ٹینڈرز کیے۔ اکنامک زون 1500ا یکڑ کے رقبے پر محیط ہے جبکہ زون میں 5 ایکڑ اراضی پر گرڈ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔  کورنگی کریک انڈسٹریل ایریا پارک 250 ایکڑز پر مشتمل ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ  کے مطابق کورنگی کریک انڈسٹریل ایریا پارک میں فوڈز، فاماسیوٹیکل، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، لائیٹ انجنیئرنگ اور پیکنگ کیلئے 230 پلاٹس مختص کئے گئے ہیں جبکہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو آگہی دی گئی کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون کا 90 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔

بتایا گیا کہ خیرپور زون 140 ایکڑز پر مشتمل ہے ۔ خیرپور اسپیشل اکنامک زون میں 500 پلاٹس ہیں ۔اس زون میں ایگرو فوڈ پروسیسنگ، ایگرو-نان فوڈ پروسیسنگ اور لائٹ انجنیئرنگ کی صنعت کیلئے پلاٹس ہیں۔

بعدازاں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے  نوری آباد کے قریب 50 ایکڑز پر پرائیوٹ سیکٹر سے ٹائرز کی فیکٹری قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ نوینا اسٹیل ملز (پرائیوٹ) لمیٹڈ 50 ایکڑز پر قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ جبکہ ترجمانِ وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق  اسٹیل ملز پرائیوٹ سیکٹر قائم کرے گا۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی بورڈ کے چیئرمین ہیں جبکہ   چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری انویسٹمنٹ، سیکریٹری انڈسٹریز، سیکریٹری ایل یو، سیکریٹری انرجی، سیکریٹری ورکس، سیکریٹری زراعت اور  صدر کے سی سی آئی ممبران میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ اعلیٰ نے واٹر بورڈ ملازمین کی تنخواہوں کی منظوری دے دی

Related Posts