کراچی کے ضلع غربی میں تعینات ڈی سی ویسٹ کو مستحقین کے راشن میں مبینہ خردبرد کے معاملے پر ٹرانسفر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے یہ اقدام ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے غیر قانونی کاموں میں ملوث ہونے پر اٹھایا۔ ضلع غربی کے ڈی سی فیاض عالم سولنگی کے خلاف کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران بدعنوانی کے سنگین الزامات پر ایکشن لیا گیا۔
سندھ حکومت نے ڈی سی ویسٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی اور سینکڑوں شہریوں کے جعلی ناموں سے فہرستیں جاری کرکے راشن کا فنڈز اِدھر سے اُدھر کیا جن کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ شعبۂ فنانس کے آفیسر سلیم اوڈھو کو ڈی سی غربی مقرر کیا گیا۔
اس حوالے سے سندھ حکومت نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق سابق ڈی سی ویسٹ کی بدعنوانی پر مزید تفتیش شروع کردی گئی جبکہ سندھ حکومت کو پہلے ہی ڈی وی ویسٹ کے خلاف متعدد ذرائع سے شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لینڈ مافیا کی مبینہ سرپرستی ، جعلسازی سے قیمتی اراضی ہڑپ کرنے سمیت 10کروڑ کے فراڈ پر ڈپٹی کمشنر غربی اور ان کے اہلکاروں کیخلاف تحقیقاتی ادارے حرکت میں آگئے۔
بزنس مین سجاد حیدر راجپر کی درخواست پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے فیاض عالم سولنگی اور ان کے مبینہ فرنٹ مین تیمور ڈومکی ودیگر کیخلاف گزشتہ ماہ تحقیقات کا آغاز کردیا،تحقیقات اور کارروائی کیلئے ڈائریکٹر جنرل نیب ،وزیر اعلی سندھ،چیف سیکریٹری سندھ،کمشنر کراچی اور ڈی جی ایم ڈی اے کو بھی خط ارسال کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: ڈی سی ویسٹ پر 10 کروڑ کے فراڈ کا الزام، تحقیقات شروع