پارک لین ریفرنس: سابق صدر آصف علی زرداری پر فردِ جرم کی کارروائی مؤخر کردی گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آصف زرداری کی طبیعت بگڑ گئی، ڈاکٹروں کی ٹیم بلاول ہاؤس طلب
آصف زرداری کی طبیعت بگڑ گئی، ڈاکٹروں کی ٹیم بلاول ہاؤس طلب

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر فردِ جرم کی کارروائی کو مؤخر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارک لین کیس کی سماعت آج احتساب عدالت اسلام آباد میں ہوئی جس کے دوران سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں حاضر ہوئے اور معزز جج سے درخواست کی کہ فردِ جرم کی کارروائی کو مؤخر کیا جائے۔

درخواست کے بعد عدالت نے فیصلہ کیا کہ سابق صدر سمیت پارک لین ریفرنس میں نامزد 17 ملزمان کے خلاف فردِ جرم کی کارروائی آج نہیں ہوگی، تاہم آئندہ سماعت 14 جولائی کو ہوگی جس پر عدالت نے فریقین کو حاضر ہو کر دلائل دینے کی ہدایت کی۔ 

گزشتہ سماعت کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے  احتساب عدالت سماعت ویڈیو لنک پر ہونے کے باعث فردِ جرم عائد نہ کرسکی، تاہم گزشتہ روز نیب عدالت نے سابق صدر کے گھر پر ویڈیو لنک کے اہتمام کا حکم دے دیا۔

پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ساتھ انور مجید، عبدالغنی مجید، اسلم مسعود اور دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے نیشنل بینک سے 2 ارب 50 کروڑ قرضے کا غبن کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین  اور سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر 25 فیصد شیئرز خریدے  جبکہ ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ استغاثہ کی 3 ٹیمز تشکیل دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل  احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں 6 جولائی کو سابق صدر آصف علی زرداری پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں 26 جون کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف الزامات فائل نہ ہوسکے جس پر عدالت نے سابق صدر کو ججز بینچ کے سامنے حاضر ہونے کاحکم دیا۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری پر6 جولائی کو فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

Related Posts