کراچی میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تربیت یافتہ ٹارگٹ کلر شمشاد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ انسدادِ دہشت گردی نے انچارج سی ٹی ڈی (انوسٹی گیشن) چوہدری صفدر کی نگرانی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم گلبہار، ناظم آباد کے سابق سیکٹر انچارج اور را کے تربیت یافتہ دہشت گرد شمشاد خان کو گرفتار کیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم ٹارگٹ کلنگ کی 10 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے جو 1992ء میں کراچی آپریشن شروع ہوتے ہی بھارت فرار ہوگیا تھا۔ مفروری کے دوران ایم کیو ایم قیادت نے را سے رابطہ کروایا۔
بمبئی میں را کے افسران نے شمشاد خان کو دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی تربیت دی۔ بھارتی خفی ایجنسی نے ملزم کو کراچی میں دہشت گردی کیلئے تیار کیا جسے پولیس، حساس ادارے کے اہلکار اور مخالفین کے قتل کا ٹاسک دیا گیا۔
بھارتی خفیہ ادارے را نے ملزم کو کراچی میں دہشت گردی اور افراتفری پھلانے کی ہدایت دی۔ شمشاد نے کراچی واپس آ کر ٹارگٹ کلنگ شروع کردی۔ 1994ء میں ایم کیو ایم حقیقی کے کارکنان آصف اور فہیم کو قتل کردیا۔
اگلے برس 1995ء میں حقیقی کے مزید کارکنان انصار، کامران اور رفیق پپو کو ہدف بنایا۔ 2013ء میں ایم کیو ایم کے رکن حامد کو قتل کردیا۔ 2014ء میں ایم کیو ایم کے کارکنان تراش اور حیدر کو قتل کروایا۔
اسی برس 2014ء میں ملزم نے سرفراز باڈی بلڈر کو ہدف بنایا۔ ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج ناظم آباد فراز کو قتل کروایا۔ سی ٹی ٹی کے مطابق ملزم سزا یافتہ ہے جو 2 بار جیل جاچکا ہے۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی پولیس نے خفیہ ایجنسیز کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ایجنسی راء سے منسلک مبینہ دہشت گرد کو حراست میں لے لیا۔
کیماڑی پولیس نے رواں برس 14 جنوری کو ملزم منصور عرف انیل کو گرفتار کیا جو پولیس کے مطابق ایس آر اے کا سرگرم کارکن ہے۔ ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری کے مطابق ملزم سے 1 کلو دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، را سے منسلک دہشت گرد گرفتار