پینٹاگون پر تنقید مہنگی پڑ گئی! معروف امریکی اخبار کے چیف ایڈیٹر سمیت 3 ملازم برطرف

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

امریکی وزارتِ دفاع نے سِول وار کے دور سے امریکی فوج کی کوریج کرنے والے معروف اخبار اسٹارز اینڈ اسٹرائپس کے چیف ایڈیٹر ایرک سلیون اور پبلشر میکسن لیڈرر کو پینٹاگون کی مداخلت پر تنقید کے بعد عہدوں سے برطرف کردیا جبکہ رپورٹر لارا کورٹے کو بھی نوکری سے نکال دیا گیا۔

ایرک سلیون کے مطابق انہیں پینٹاگون کے ساتھ اختلافات پر ایک انٹرویو دینے کے بعد عدم اطاعت کے الزام میں برطرف کیا گیا۔ لارا کورٹے نے بھی بتایا کہ انہیں ایک صحافی کو یہ کہنے پر حکم عدولی کا مرتکب قرار دیا گیا کہ وہ پینٹاگون یا کسی پالیسی ساز نہیں بلکہ اپنے اخبار کی ملازم ہیں۔

یہ کارروائی اس رپورٹ کے چند روز بعد ہوئی جس میں امریکی بحری جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن کے عملے کی ابتر صورتحال اجاگر کی گئی تھی جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران سے متعلق جنگی حکمتِ عملی پر دوبارہ تنقید شروع ہوگئی۔

اخبار کو مالی معاونت کا کچھ حصہ وزارتِ دفاع سے ملتا ہے تاہم یہ طویل عرصے سے اپنی اداراتی خودمختاری برقرار رکھنے پر زور دیتا رہا ہے۔ سلیون نے پینٹاگون کے تیار کردہ مواد کو سچ پر ترجیح دینے کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔

پبلشر میکسن لیڈرر نے بھی پینٹاگون کے نئے منصوبوں سے اختلاف کے باعث 30 ستمبر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم انہیں بھی برطرفی کا نوٹس دے دیا گیا۔ فعال بحری کپتان ولیم اربن کو پبلشر کے نائب کے طور پر مقرر کرنے پر ڈیموکریٹ قانون سازوں نے اسے اخبار کی آزادی ختم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

2025 میں پینٹاگون کی قیادت سنبھالنے والے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اس سے قبل بھی ذرائع ابلاغ پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں۔

Related Posts