بیجنگ: چین نے ایک بار پھر سی پیک پر امریکی اعتراضات کوبےبنیادقراردیتے ہوئے پاکستان چین اقتصادی راہداری کی تکمیل کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرنے کےعزم کااعادہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزارت دفاع کے ترجمان جینگ شوانگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیوٹر پر اپنےپیغام میں ایک بار پھر پاک چین اقتصادی راہداری پر امریکا کے اعتراضات کو دوٹوک انداز میں مسترد کردیا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کاکہناتھا کہ امریکی حکومت کے کچھ عناصر پرانے اسکرپٹ اور پرانے پلاٹ پر کہانیاں بنارہے ہیں، پہلے بھی ایسے شو فلاپ ہوچکے ہیں اور اب بھی انہیں کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین پہلے ہی امریکی اعتراض کو بے بنیاد اور بلاجواز قرار دے چکے ہیں، چین سی پیک کی تکمیل کے لیے پاکستان کیساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستانی عوام کے مفادات کو ترجیح دیتا ہے۔ سی پیک کے منصوبے سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، ٹرانسپورٹیشن، توانائی اور انفرا اسٹرکچر میں بہتری آئی۔
اس سے قبل چینی سفیر ژاؤ جنگ نے سی پیک میں کرپشن کے امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا سی پیک پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے احتیاط کرے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی سفیر ژاؤ جنگ نے سی پیک میں کرپشن کے امریکی الزامات مسترد کردیئے