بھارت کی ریاست کیرالہ کے شہر کنور میں ایک ڈاکٹر دلہن نے اپنی شادی کے دوران انسانیت کی ایسی مثال قائم کردی جس نے سب کے دل جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق پانور کی رہائشی ڈاکٹر شیرین صابر کی ڈاکٹر ریجاز کے ساتھ شادی کی تقریب جاری تھی کہ انہیں اطلاع ملی کہ کیٹرنگ ٹیم کی ایک خاتون کی ناک سے خون بہہ رہا ہے جبکہ دوسری کارکن کو چکر آنے کے باعث بے ہوشی طاری ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر شیرین نے فوری طور پر دلہن کا لباس پہنے ہی تقریب چھوڑ کر متاثرہ خواتین کی مدد کی اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ انہوں نے دونوں کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس کے بعد ڈاکٹر شیرین صابر کو ان کے فوری اقدام اور انسان دوستی پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
ڈاکٹر شیرین نے بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ کوئی ان کی ویڈیو ریکارڈ کر رہا ہے۔ ان کے مطابق جب لوگوں نے ویڈیو بھیجنا شروع کی تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ لمحہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








