دبئی میں ایک غیر معمولی ریسکیو آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور فوری ردعمل نے ایک خاتون کی زندگی بچا لی۔ رات ساڑھے تین بجے دبئی پولیس کے آپریشنز روم میں ایک ایسی ہنگامی کال موصول ہوئی جس میں مدد مانگنے والی خاتون اپنی مکمل صورتحال بتانے کے قابل بھی نہیں تھی۔
خاتون نے عربی زبان میں انتہائی کمزور آواز میں صرف اتنا کہاکہ بھائی، میں چوراہے پر ہوں، لیکن اسکے بعد کال پر خاموشی چھا گئی۔ رابطہ برقرار تھا مگر خاتون کی جانب سے صرف مدھم اور کمزور آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔
کال کا جواب دینے والے پولیس اہلکار نے صرف تین سیکنڈ میں صورتحال کی سنگینی بھانپ لی۔ اس نے خاتون سے مزید معلومات حاصل کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن کوئی واضح جواب نہ ملا اور کچھ دیر بعد خاتون کی آواز مکمل طور پر بند ہو گئی۔
دبئی پولیس نے فوری طور پر ایمرجنسی کال لوکیشن سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے موبائل فون کا مقام تلاش کیا۔ سگنل شیخ محمد بن زاید روڈ کے قریب ند الشبا کے علاقے میں ملا۔ پولیس نے یہ بھی چیک کیا کہ آیا خاتون کا نام کسی ایسے ریکارڈ میں شامل ہے جہاں شدید طبی مسائل کا شکار افراد کی معلومات درج ہوتی ہیں تاہم ایسا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
وقت ضائع کیے بغیر قریبی پولیس موبائل ٹیموں کو علاقے میں تلاش شروع کرنے کی ہدایت دی گئی خاص طور پر ان راستوں پر توجہ مرکوز کی گئی جو شیخ محمد بن زاید روڈ سے باہر نکلتے ہیں۔ اس دوران ایمرجنسی آپریٹر نے کال جاری رکھی تاکہ خاتون کی جانب سے کسی بھی ممکنہ آواز یا اشارے کو مانیٹر کیا جا سکے۔
چند منٹ کی تلاش کے بعد پولیس اہلکاروں کو ایک ایسی گاڑی مل گئی جو سڑک سے ہٹ کر ریتلے علاقے میں کھڑی تھی اور اندر سے لاک تھی۔ جب اہلکاروں نے گاڑی کے شیشے پر دستک دی تو یہ آواز ایمرجنسی آپریٹر کو بھی فون کے ذریعے سنائی دے رہی تھی۔ گاڑی کھولنے پر اندر موجود خاتون بے ہوش حالت میں پائی گئی۔
ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی، گاڑی کھول کر خاتون کو باہر نکالا اور طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ خون میں شوگر کی سطح خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث خاتون بے ہوش ہوئی تھی۔
یہ واقعہ دبئی پولیس کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان تمیم کی کتاب آپریشنز مینجمنٹ اِن کریٹیکل اِنسیڈنٹس، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان نے خود خاتون کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں جبکہ اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد خاتون نے پولیس ٹیم سے بات کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ آپ بہت جلد پہنچ گئے اور میری جان بچا لی۔
دبئی پولیس نے اس واقعے کی روشنی میں شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں کوئی سنگین طبی مسئلہ درپیش ہے تو وہ اپنی معلومات پولیس کے خصوصی میڈیکل کیسز پروگرام میں درج کرائیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں امدادی ٹیمیں فوری طور پر ضروری معلومات حاصل کر سکیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، جی پی ایس نظام اور تیز رفتار ایمرجنسی رسپانس ایسے حالات میں قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جب متاثرہ شخص اپنی جگہ یا حالت واضح کرنے کے قابل نہ ہو۔

دبئی پولیس نے ماضی میں بھی اسی نوعیت کی کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ ایک اور واقعے میں روس کے شہر کازان میں موجود عبداللہ بورقیبہ نے دبئی پولیس کی اسمارٹ ایپ میں موجود “Your Security at the Touch of a Button” سہولت کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں موجود الوصل اسپورٹس کلب کے ایک کھلاڑی کے لیے فوری طبی مدد طلب کی تھی جسے فوری سرجری کی ضرورت تھی۔
اگرچہ درخواست دینے والا شخص ہزاروں کلومیٹر دور روس میں موجود تھا تاہم دبئی پولیس نے متحدہ عرب امارات کے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے کھلاڑی کو بروقت طبی امداد فراہم کروا دی۔
دبئی پولیس کی اسمارٹ ایپ میں شامل SOS ایمرجنسی فیچر صارفین کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ ایک بٹن دباکر اپنی درست جی پی ایس لوکیشن کے ساتھ ہنگامی اطلاع کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تک پہنچا سکیں۔ اس کے بعد پولیس کی امدادی ٹیمیں فوری کارروائی کے لیے حرکت میں آ جاتی ہیں خاص طور پر ایسے حالات میں جب متاثرہ فرد اپنی صورتحال یا مقام بیان کرنے سے قاصر ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








