لندن: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ کو برطانوی پارلیمنٹ نے اہم اعزازات سے نوازا۔
فہد مصطفیٰ پہلے پاکستانی اداکار ہیں جنہیں دونوں ایوانوں سے دو نمایاں ایوارڈز دیے گئے۔ یہ تقریب ملٹی کلچرل برٹن کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں فہد کی ثقافتی تبادلے اور عالمی یکجہتی کے لیے خدمات کو سراہا گیا۔
فہد مصطفیٰ کو ’ڈائیورس سٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ’ ناز شاہ نے ہاؤس آف کامنز میں دیا جبکہ ’گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ’ برطانوی وزیر لارڈ واجد خان نے ہاؤس آف لارڈز میں پیش کیا۔ ان ایوارڈز کا مقصد فہد مصطفیٰ کی خدمات کو تسلیم کرنا ہے جو انہوں نے ثقافتی فرق کو کم کرنے اور شوبز کے ذریعے تنوع کو فروغ دینے میں انجام دی ہیں۔
مضبوط اعصاب کی مالک ماریہ بی ذاتی زندگی کی مشکلات کے ذکر پر رو پڑیں
یہ تقریب اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی سطح پر ٹیلنٹ اور ثقافتی سفارت کاری میں کردار ادا کرنے والوں کو پذیرائی مل رہی ہے۔ پاکستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں فہد مصطفیٰ کی شاندار کارکردگی نے انہیں دنیا بھر میں مقبول بنایا ہے اور یہ ایوارڈز انہیں ایک ثقافتی سفیر کے طور پر مزید مستحکم کرتے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فہد مصطفیٰ کی اس کامیابی سے پہلے اداکارہ ماہرہ خان کو پچھلے مہینے برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ ماہرہ کو برطانوی پارلیمنٹ میں ایم پی افضل خان نے مدعو کیا جبکہ تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم بھی شریک ہوئیں۔
ماہرہ نے اپنی تقریر میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے سفر میں ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے اپنے بچپن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین نے انہیں تعلیم میں مساوی مواقع دیے اور محبت اور کامیابی کے لیے جدوجہد کے اصول سکھائے۔
پشتون خاندان سے تعلق رکھنے والی ماہرہ نے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے اپنے تجربے کو بھی بیان کیا، جس نے انہیں ایک مضبوط خاتون اور پروفیشنل کے طور پر پروان چڑھایا۔