چھوٹے دکانداروں کے لیے بڑی خوشخبری، حکومت کی آسان ٹیکس اسکیم اور موبائل ایپ متعارف

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرا دی ہے، جبکہ رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے لیے خصوصی موبائل ایپ بھی لانچ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اسکیم کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور تاجر دوست بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد رضاکارانہ طور پر ٹیکس نیٹ کا حصہ بن سکیں۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک فروخت کرنے والے دکاندار اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ وہ تاجر بھی رجسٹریشن کرا سکیں گے جو اب تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ دکاندار گوگل پلے اسٹور سے موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے چند آسان مراحل میں رجسٹریشن مکمل کر سکیں گے اور اسی ایپ کے ذریعے ٹیکس کی ادائیگی بھی ممکن ہوگی۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ہر دکاندار کو دکان پر لگانے کے لیے خصوصی رجسٹریشن پلیٹ دی جائے گی، جو اس بات کی علامت ہوگی کہ وہ ایف بی آر کی آسان ٹیکس اسکیم کا حصہ ہے۔ مقررہ ڈیڈ لائن سے پہلے رجسٹریشن کرانے والوں کو یہ پلیٹ مفت فراہم کی جائے گی۔

اسکیم کے تحت دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل (POS) مشین لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ ٹیکس کی شرح ڈکلیئرڈ سیلز کا صرف ایک فیصد مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق موبائل ایپ ستمبر کے پہلے ہفتے میں مختلف زبانوں میں دستیاب ہوگی، جبکہ ملک بھر میں آر ٹی او سہولت مراکز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ تاجروں کو رجسٹریشن میں آسانی ہو۔

دوسری جانب تاجر رہنماؤں اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری نے اسکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے تاجروں پر زور دیا کہ وہ نیشنل ٹیکس نمبر (NTN) حاصل کریں اور باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں۔

Related Posts