اسٹریٹ کرائمز کو کیسے روکا جائے؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کے لوگوں کو ہر وقت موت اور ڈکیتی کا خوف طاری رہتا ہے، چاہے وہ بازار میں ہوں، گلی میں ہوں یا گھر میں، دہشت کی سطح کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نئے سال کے دو ماہ سے بھی کم عرصے میں شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مزاحمت کے دوران 15 افراد کو اسٹریٹ کرمنلز نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

18 فروری کو ناظم آباد کے علاقے میں ڈاکوؤں نے نجی نیوز چینل کے صحافی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ سماء ٹی وی کے ایک سینئر پروڈیوسر اطہر متین اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب وہ اپنے بچوں کو ان کے اسکول چھوڑنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔ یہ جرائم کی نوعیت ہے جو ایک بار پھر عام ہو گئی ہے، کیونکہ شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہو جب کوئی شہری ڈاکوؤں کا نشانہ نہ بنے۔

جہاں کچھ ہی عرصے میں قتل کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، وہیں بہت سے لوگ ڈاکوؤں کے ہاتھوں اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہوچکے ہیں، مختصر مدت کے دوران 4ہزار سے زائد گاڑیوں، کاروں اور موٹر سائیکلوں کو چھینا یا چرایا جاچکا ہے، اور اتنی ہی تعداد میں موبائل فون گن پوائنٹ پر چھین لیے گئے ہیں۔

اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کے خدشات کے بعد حال ہی میں کراچی کی سینئر پولیس قیادت میں ردوبدل کیا گیا تھا۔ اعلیٰ پولیس افسران کی متواتر پوسٹنگ اور دوبارہ تعیناتی کے باوجود جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور اس کا تجارتی اور صنعتی مرکز بھی ہے۔ اس میں بڑی پولیس فورس ہے اور بڑی تعداد میں رینجرز بھی موجود ہے، لیکن بدقسمتی سے، دونوں جرائم کی لہر کو روکنے کے لیے ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔

کراچی کی تاجر برادری بھی اسٹریٹ کرائمز کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتی رہی ہے جس سے نمٹنے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام رہے ہیں۔ ان جرائم کو سنجیدگی سے لینے اور حکومتی رٹ بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

شہری حیران ہیں کہ 2013 کا کراچی آپریشن جرائم کی اس شکل کو روکنے میں کیوں ناکام رہا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دہشت گرد گروہوں، عسکریت پسندوں کے ونگز یا مسلح گروہوں کو ختم کرنے سے مخصوص قسم کے پرتشدد جرائم کو عارضی طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، اسٹریٹ کرائم ایک مختلف چیلنج ہے جو وسیع تر سماجی اقتصادی مسائل سے منسلک ہے۔

بلاشبہ اس کا تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ اور کم ہوتے روزگار کے مواقعوں کے درمیان ایک گہرا تعلق ہے۔ پرانی کہاوت ہے کہ غربت جرائم کو جنم دیتی ہے۔ نوجوانوں کے پاس کوئی روزگار نہیں ہے، زیادہ تر نوجوان بے روزگاروں کی صف میں شامل ہو رہے ہیں۔ مایوسی انہیں جرائم کی طرف دھکیل رہی ہے۔

اسٹریٹ کرائمز اور اسی طرح کے جرائم کو اکیلے سیکورٹی ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ اس کی روک تھام کے لیے معاشرے میں موجود بنیادی مسائل کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے، جیسے کہ آمدنی میں عدم مساوات، بے روزگاری، طبقاتی بنیاد پر امتیاز، اور سیاسی نمائندگی کی کمی اور محنت کش طبقے کو بااختیار بنانا۔

کراچی شہر کو اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے قانون کی مضبوط گرفت کی ضرورت ہے، تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز اس سے نمٹنے کے لیے ایک پیج پر آئیں۔ تاکہ پاکستان کے تجارتی حب اور روشنیوں کے شہر کو جرائم سے چھٹکارا مل سکے اور شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

Related Posts