حکومت نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جزوی ریلیف دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت برقرار رکھی ہے تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا ہے۔ اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ پٹرول بدستور 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت کے مقررہ پٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں پر نظرثانی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 31 اکتوبر سے 2 نومبر 2026 تک ہوگا۔
ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 400 روپے 67 پیسے سے بڑھا کر 402 روپے 96 پیسے مقرر کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو اب ڈیزل کی خریداری کے لیے فی لیٹر 2 روپے 29 پیسے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
دوسری جانب حکومت نے پٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اسے 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے اس سے ایک روز قبل جمعرات کو بھی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 85 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد اس کی قیمت 399 روپے 82 پیسے سے بڑھ کر 400 روپے 67 پیسے ہوگئی تھی جبکہ پٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








