امریکی ریاست نیو جرسی کے جنگل میں بھڑکنے والی آگ سے 9 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر ہوا ہے ،آگ بارنیگیٹ ٹاؤن شپ کے قریب سے شروع ہو کر پائن بیرینس علاقے تک پھیل چکی ہے۔
سرکاری حکام نے آگ سے متاثرہ علاقے سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے ،سرکاری حکام نے آتشزدگی سے متاثرہ ریاست کی سب سے مصروف شاہراہ گارڈن اسٹیٹ پارک وےکو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ گزشتہ روز 10 بجے لگی تاہم آتشزدگی کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا گیا ہے ، امدادی کارکنوں نے آگ پر پانچ فیصد تک قابو پا لیا ہے ۔
سرکاری حکام نےشدید متاثرہ علاقے سے 3 ہزار رہائشیوں کو نقل مکانی کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ فارسٹ فائر سروسز کی درخواست پر جرسی سینٹرل پاور اینڈ لائٹ نے علاقے کو بجلی کی فراہمی بند کردی ہے ۔
واضح رہے کہ عام طور پر ہر سال نیو جرسی کے تقریباً سات ہزار ایکڑ جنگلات آگ سے متاثر ہوتے ہیں مگر منگل کو بھڑکنے والی آگ اس اوسط سے پہلے ہی تجاوز کر چکی ہے۔