کراچی: ڈرامہ سیریل پری زاد کی 14ویں قسط نے مداحوں کے دل جیت لیے جس کی ویڈیو نے ریٹنگ کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل پری زاد کی 14ویں قسط یو ٹیوب پر گزشتہ شب اپ لوڈ کی گئی جس کو اب تک 30 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھ لیا جن میں سے 56 ہزار افراد نے ویڈیو کو پسندیدگی کی سند عطا کردی ہے۔
احسن اور منال کا انتہائی مہنگا ہنی مون، یومیہ لاکھوں خرچ
جیل جانے کے بعد آریان خان کا پیسے اور شاہ رخ پر بھروسہ ختم
ہم ٹی وی پر نشر کیا جانے والا ڈرامہ سیریل اپنی مضبوط کہانی اور کاسٹ کی بنیاد پر پذیرائی حاصل کررہا ہے جس کی 13ویں قسط 88لاکھ افراد نے دیکھی۔ پری زاد کی ڈرامہ نگاری ہاشم ندیم کے ناول کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
ڈرامہ سیریل پری زاد میں مرکزی کردار احمد علی اکبر نے ادا کیا جسے ناظرین کی بڑی تعداد نے بے حد سراہا۔ ناظرین کا کہنا ہے کہ پری زاد معاشرے کے مختلف پہلوؤں اور ایسے افراد کی عکاسی کرتا ہے جنہیں معاشرہ قبول نہیں کرتا۔
شہزاد کشمیری کی ہدایتکاری میں بنائے گئے ڈرامہ سیریل پری زاد میں احمد علی اکبر کے علاوہ اشنا شاہ، عروہ حسین، نعمان اعجاز، یمنیٰ زیدی اور صبور علی نے اہم کردار نبھائے، اس کی کہانی کالے رنگ کے لڑکے پری زاد کے گرد گھومتی ہے۔
پری زاد کو ہمیشہ ساتھیوں اور دوستوں کی جانب سے صورت و شکل کی بنیاد پر طنز اور تذلیل کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن قبول صورت نظر آنے والا پری زاد بے حد ذہین، مہذب اور شائستہ مزاج انسان دکھایا گیا ہے جس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔