اسلام آباد: حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے حالات میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کالعدم سیاسی و مذہبی جماعت تحریکِ لبیک کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں کشیدہ حالات کے تناظر میں اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ بات چیت شروع ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مذاکرات کا پہلا دور کافی خوش اسلوبی سے مکمل ہوا ہے جبکہ دوسرا دور آج ہوگا۔ کالعدم ٹی ایل پی نے یرغمال بنائے گئے 11 پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے۔ دوسرے راؤنڈ میں باقی معاملات بھی طے پاجائیں گے۔
وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کالعدم تحریکِ لبیک کے ساتھ پنجاب حکومت نے خوش اسلوبی سے مذاکرات کیے۔ پنجاب حکومت کی پہلی میٹنگ کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔ امید ہے معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے۔ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغوا کیا گیا جس کے بعد کارروائی ہوئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغوا کیا گیا جس پر آپریشن ہوا۔ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان عاشق رسول ﷺ ہیں، انہوں نے ہر فورم پر بات کی ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہونگے، فواد چوہدری