پشاور: کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لیڈی ریڈنگ اسپتال میں او پی ڈی سروس بند کر دی گئی ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال کی وجہ سے اسپتال کی او پی ڈی چلانا ممکن نہیں رہا تھا جس کی وجہ او پی ڈی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی بہت محدود کی جارہی ہے صرف ضروری آپریشن اور علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ محمد عاصم کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال اس وقت کورونا کے خلاف فرنٹ لائن اسپتال کے طور پر کام کررہا ہے۔
ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں قائم 240 بیڈز میں سے 182 بیڈز کو کورونا مریضوں کے لیے مخصوص کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کورونا کی صورتحال یہی رہی تو آئندہ چند روز میں کورونا کمپلیکس میں مریضوں کی گنجائش ختم ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مزید پابندیاں اور اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگر ہم کو کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنا ہے تو ایس او پیز پر ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔